ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی سی بی کا آئی سی سی کو خط، میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ

پی سی بی کا آئی سی سی کو خط، میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پاک بھارت میچ کے دوران کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے نامناسب رویے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو تفصیلی خط لکھ کر سخت احتجاج کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق، یہ خط گزشتہ روز کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد بھیجا گیا۔

پی سی بی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میچ ریفری نے قوانین، قواعد و ضوابط اور کرکٹ کی بنیادی روح یعنی اسپرٹ آف دی گیم کو نظر انداز کیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور ان کا رویہ کھیل کے وقار کے خلاف تھا۔ خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور ایم سی سی قوانین دونوں کی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

تنازعہ اُس وقت شروع ہوا جب ٹاس کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے صاف طور پر کہا کہ شیک ہینڈ نہیں ہوگا اور یہ لمحہ میڈیا پر ریکارڈ بھی نہ ہو۔ اس موقع پر پاکستان کے میڈیا منیجر کو بھی اس بات کی سختی سے تلقین کی گئی۔

میچ کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کی جانب سے آئی تھیں اور مزید کہا کہ دراصل یہ بھارتی حکومت کے دباؤ کا نتیجہ تھا۔

پی سی بی نے اپنے خط میں زور دیا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف کھیل کی روح کے منافی ہے بلکہ ایک بڑے عالمی ٹورنامنٹ میں کرکٹ کو تنازعات میں گھسیٹنے کی دانستہ کوشش ہے۔ بورڈ نے آئی سی سی اور ایم سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔