سٹی 42 : حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں پٹاخوں کے کارخانے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لطیف آباد نمبر 10 بچاؤ بند کے قریب کارخانے میں زوردار دھماکہ ہوا، دھماکہ غیر قانونی پٹاخوں کے کارخانے میں ہوا ہے، جس کی آواز لطیف آباد کے مختلف یونٹس اور کوٹری تک سنی گئی ۔ جس کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ کیلئے روانہ ہوئی۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ اب تک اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پٹاخوں کی فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی، فیکٹری کے ملبے تلے متعدد افراد کے پھنسے ہونے خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کسی بھی ہلاکت کی تصدیق نہیں کر سکتے جب تک ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا، اب تک جو مجھے جو اطلاع ملی ہے اس میں چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہیں لیکن یہ آفیشل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران فگر ہر لمحہ بدلتی ہے، حتمی تصدیق آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کےمطابق یہ دریاء کے ساتھ کی زمین ہے، مختلف لوگوں نے اس زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بند گھر میں کونسا کام ہورہا ہے ہمیں اس کی اطلاع نہیں۔