(سٹی 42) صحافی کے سوال پر حمزہ شہباز شریف کا پر مزاح جواب سینیٹ الیکشن کے تناؤ زدہ ماحول میں لیگی اراکین کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے دو ارکان ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کے نااہل ہونے کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی دو نشستوں پر پنجاب اسمبلی میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جب اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف پنجاب اسمبلی ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پہنچے تو وہاں ایک صحافی نے حمزہ شہباز سے سوال کیا کہ سینیٹ الیکشن کونسی پارٹٰی جیت رہی ہے؟ جس پر حمزہ شہباز نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا ہم سب امید سے ہیں؟۔ حمزہ شہباز کے جواب پر وہاں موجود لوگ ہنس پڑے۔
علاوہ ازیں حمزہ شہباز شریف اپنے ذاتی سٹاف کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے پر سکیورٹی اہلکار وں پر برہم ہوگئے ۔ کہتے ہیں کہ اسمبلی سیکرٹریٹ اسٹاف کا رویہ افسوسناک ہے،ہمارے ارکان اسمبلی کو دھکے دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں سے کہا کہ آپ ہمارے ارکان اسمبلی کو کیوں روک رہے ہیں؟ کیا اسپیکر اسمبلی کے کہنے پر روکا جارہا ہے؟ یہ اسمبلی ہے کوئی تھانہ نہیں کوئی خدا کا خوف کریں یہ اچھی بات نہیں ہے چھوڑیں یہ ہمارے ایم پیز ہیں۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی سیکیورٹی اہلکاروں کاکہناہےکہ کسی ممبر کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے نہیں روکا ۔ پنجاب اسمبلی میں داخلے کےلئے غیر متعلقہ افراد کانام لکھوانا ضروری ہوتاہے کہ وہ کس کیساتھ اسمبلی میں جا رہے ہیں۔ اس لیے حمزہ شہباز سے افراد کا نام پوچھا تھا جس پر وہ غصے میں آگئے۔