شہزاد خان:محکمہ خوراک اور فلور ملوں کے درمیان آٹے کی سرکاری قیمتوں پر باقاعدہ اتفاق ہو گیا ہے، جس کے بعد حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 1100 روپے مقرر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گندم کی نئی فصل آنے سے قبل 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 905 روپے میں دستیاب تھا، تاہم نئی قیمت کے بعد اس میں تقریباً 200 روپے اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 2200 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہی تھیلا اس سے قبل 1810 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، یوں 20 کلو آٹے کی قیمت میں تقریباً 400 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ دوسری جانب کریانہ مرچنٹس کے صدر نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں اور آٹے کی فروخت میں گراں فروشی سے گریز کریں۔
تاجروں اور شہریوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں ایک طرف دکاندار حکومتی فیصلے کو تسلیم کر رہے ہیں، وہیں عوام نے مہنگائی میں مزید اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں یہ اضافہ گھریلو اخراجات پر براہ راست اثر انداز ہوگا۔