سٹی42: ایکسائز لاہور ریجن اے میں بینائی سے محروم ای ٹی او (ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر) مبشر شہزاد نے پروفیشنل ٹیکس کی ریکوری میں تمام بینا افسران کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق مبشر شہزاد نے 67 فیصد ریکوری کرکے اپنے 63 کروڑ 23 لاکھ روپے کے ہدف میں سے 42 کروڑ 18 لاکھ روپے کی وصولی کی جو کہ ایک قابلِ ستائش کامیابی ہے۔ ان کی یہ کارکردگی بینائی رکھنے والے تمام 11 ای ٹی اوز پر سبقت لے گئی جنہوں نے مجموعی طور پر صرف 60 فیصد ریکوری کی۔
ریکوری کے اعتبار سے ریجن اے لاہور کے زون 12 کے ای ٹی او دانش محمود 64 فیصد وصولی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہےجبکہ زون 3 کے قیصر کریم، زون 4 کے حبیب عالم اور زون 10 کے محمد سچل نے 63 فیصد ریکوری حاصل کی۔
زون 2 کے طارق بٹ نے 61 فیصد، زون 13 کی ای ٹی او افشاں نے 60 فیصد، زون 11 کے ای ٹی او نعیم الرحمن نے 58 فیصد، اور زون 1 کی ای ٹی او شانزہ نے 57 فیصد ریکوری کی۔
زون 16 کے منظر خالد صرف 52 فیصد ریکوری حاصل کر سکے جبکہ زون 18 کے ای ٹی او وسیم حسن 42 فیصد ریکوری کے ساتھ آخری نمبر پر رہے۔
ریجن اے لاہور کو رواں مالی سال کے دوران پروفیشنل ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 4 ارب 42 کروڑ 15 لاکھ 91 ہزار روپے کا ہدف دیا گیا تھا، جس میں سے 11 ای ٹی اوز نے 2 ارب 65 کروڑ 33 لاکھ 33 ہزار روپے وصول کیے۔