سٹی 42:مختلف شہروں میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکل آسان ہوگئی ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 16 مئی سے اندرون ملک 5 شہروں کے درمیان پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا۔
سول ایوی ایشن کے شیڈول کے مطابق کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں شروع کی جائیں گی۔ لاہور سے 32، پشاور سے 4 اورکوئٹہ سے 6 پروازیں چلائی جا ئیں گی جب کہ یہ پروازیں اب ہفتے میں ایک دن چھوڑ کرچلائی جائیں گی۔ کراچی سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ہفتہ وار 369 پروازیں چلائی جاتی تھیں لیکن کورونا کی صورت حال کے پیش نظر اب صرف 68 پروازیں جب کہ اسلام آباد سے 228 کے بجائے 32 پروازیں چلائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک پروازیں گزشتہ ماہ سے بند ہیں جب کہ اندرون ملک فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع تھی جس میں 13 مئی کے روز مزید 16 روز کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ترجمان قومی ائیرلائن کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا جارہا ہے، جمعرات کی رات کو ایک پرواز لاہور ائیر پورٹ پہنچی تھی ، پرواز سے وطن واپس پہنچنے والے تمام مسافروں کو قرنطینہ کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ 182 مسافروں کو لاہور کے نجی ہوٹلوں، 17 مسافروں کو پنجاب یونیورسٹی کیمپس جب کہ 50 مسافروں کو کالا شاہ کاکو ہاسٹل کیمپس منتقل کیا گیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق ائیر پورٹ سے 4 مسافروں کی میتیں بھی ورثا کے حوالے کی گئی ۔
یاد رہے ملک میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی ہے، کل ٹیسٹ 330750 کیے گئے ہیں، جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد 9695 ہوگئی۔محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کورونا کے چوبیس گھنٹوں کے دوران 178 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد شہر میں مریضوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 640 ہوگئی، پنجاب میں 61 ویں روز کورونا کے336 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار561 ہو گئی۔