سٹی 42: ٹھٹھہ کے گاؤں سبز علی چھٹو کے قریب کوروکھو بیلو کے مقام پر دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 6 معصوم بچے پانی کی تیز لہروں اور گہرائی کے باعث ڈوب گئے، افسوسناک واقعے کے باعث 4معصوم بچے جاں بحق ہو ئے جبکہ مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں سے 2 بچوں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع پر مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچے اور اپنی مدد آپ کے تحت فوری ریسکیوکارروائی کے دوران 2 بچوں کو بچا لیا جبکہ افسوسناک واقعہ میں 4 بچے جان کی بازی ہار گئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 11سالہ کشمیرہ ، 10سالہ ساجدہ, 13سالہ اعجاز اور 9سالہ قربان شامل ہیں، حادثے کا شکار بچوں کا تعلق پنھور برادری سے ہے۔
افسوسناک واقعے کے بعد گاؤں سبز علی چھٹو اور گردونواح میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ بچوں کے گھروں میں کہرام برپا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق تمام بچے آپس میں رشتہ دار تھے اور شدید گرمی کے باعث دریائے سندھ میں نہانے کے لیے گئے تھے، جہاں یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔