سٹی 42 : کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی تعلیمی اسناد پر نارتھ سائپرس جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کے دوران مسافر آف لوڈ کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر حسنین رضا نارتھ سائپرس کے لیے اسٹڈی ویزا استثنیٰ لیٹر پر سفر کر رہا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کو مزید جانچ کے لیے روکا گیا، مسافر نے پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد کی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ پیش کیے، دستاویزات پر ایچ ای سی اور وزارت خارجہ کی تصدیق موجود تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جانچ کے دوران مذکورہ اسناد مشکوک پائی گئیں، مزید پوچھ گچھ پر مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے مذکورہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل نہیں کی۔ مسافر کے مطابق جعلی اسناد ایجنٹ شعیب طارق نے 6 لاکھ 70 ہزار روپے کے عوض تیار کروائیں۔ مسافر کے پاس یونیورسٹی آف لاہور کی ایک اور مشکوک ڈگری بھی پائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ حقائق کی روشنی میں مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا، مسافر کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔