سید احمد:لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہونے کے باعث بیرون ملک جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں, ذرائع کے مطابق لاہور سے متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین جانے والی 15 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے ابوظہبی جانے والی ائیر بلیو کی پرواز پی اے 430 جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی ائیر بلیو کی پرواز پی اے 410 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اسی طرح دوحہ سے لاہور آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 620 اور لاہور سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر 621 بھی منسوخ کر دی گئی۔
مزید برآں ابوظہبی سے لاہور آنے والی اتحاد ایئر کی پرواز ای وائے 284 اور لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز ای وائے 285 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح دوحہ سے لاہور آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 628 اور لاہور سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر 629 بھی شیڈول کے مطابق روانہ نہ ہو سکیں۔
علاوہ ازیں لاہور سے بحرین جانے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 767 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ پروازوں کی منسوخی کے باعث ائیرپورٹ پر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متعلقہ ائیر لائنز کی جانب سے مسافروں کو متبادل پروازوں اور شیڈول کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کی وجوہات کے باعث صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد پروازوں کی روانگی بحال کر دی جائے گی۔