وزیراعلیٰ پنجاب کا اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ 

 وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے امور پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ 5798مواضعات کا ریکارڈ دسمبر تک آن لائن ہوگا، دس اضلاع میں آن لائن لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا۔ اجلاس میں منیجمنٹ آف سٹیٹ لینڈ کا بزنس پلان بھی پیش کیا گیا۔ 

اجلاس میں مریم نواز نے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد ، میوٹیشن، رجسٹریشن کی سہولت ملے گی۔ امریکہ ، برطانیہ ،کینیڈا دیگر ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کیلئے جلد اقدامات کا حکم دیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ اوورسیز کیلئےخصوصی پراپرٹی ٹرانسفر سروسز میں ٹائم لائن کی پابندی یقینی بنائیں۔ 
اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرکاری اراضی کی لیز کا ریکارڈ طلب کر لیا، مریم نواز نے سرکاری اراضی پر پارک اور روڈ سائیڈ سمال جم کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، ساتھ ہی ہر ڈسٹرکٹ میں اراضی سہولت مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ 30جون تک 11 ڈویژن میں اراضی سہولت مرکز کا آغاز کیا جائے گا۔ 
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری ریونیو، چیف سیٹلمنٹ کمشنر، بورڈ آف ریونیو، ڈی جی پی ایل آر اے نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی کچی آبادی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔