دہشتگردوں نے پھر لاہور کو خون میں نہلا دیا، حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی

دہشتگردوں نے پھر لاہور کو خون میں نہلا دیا، حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42): امن کے دشمنوں نے ایک بار پھر باغوں کے شہر لاہور کو خون میں نہلا دیا، رائیونڈ میں ہونے والے خود کش دھماکے نے کئی گھر اُجاڑدیئے ، اس سے پہلے بھی مختلف ادوار میں کئی بار دہشتگرد بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کھیل چکے ہیں، حکمرانوں کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کے دعوے تو بہت کیے جاتے ہیں لیکن اس المناک سانحہ سے واضح ہوگیا ہے کہ ابھی بھی دہشتگرد لاہور  میں موجود ہیں اور رائیونڈ سانحہ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ 

 

گزشتہ رات رائیونڈ میں نثارچیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی نوعیت اتنی شدید تھی کہ رائیونڈ اجتماع تک آواز سنی گئی۔

یہ خبر پڑھیں۔۔۔سی ٹی ڈی نے سانحہ رائیونڈ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی

شہید ہونیوالوں میں سب انسپکٹر محمد اسلم، کانسٹیبل سعید، کانسٹیبل تنویر اور شہری عامر آفریدی شامل ہیں۔ زخمیوں میں اے ایس پی رائیونڈ محمد زبیر نذیر اور ایس ایچ او نواب ٹاؤن بھی شامل ہیں۔ دیگر زخمیوں میں پولیس اہلکار اصغر، امین، عرفان، خان گل شامل ہیں۔ دھماکے کے زخمی شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

 رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں د ہشت گردی، قتل اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

صوبائی وزرائے صحت خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق ، لارڈ میئر مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر سمیراحمد سید نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ شہر لاہور پر ایک بار پھر بزدلانہ حملہ کیا گیا۔ شہید جوانوں نے خون دے کر ایک بار پھر سے تاریخ رقم کر دی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خودکش حملہ آور کے اعضا مل گئے ہیں، حملے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

صدر، وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے واقعے کی سخت الفاط میں مذمت کی ہے، یہ بھی کہا ہے کہ  دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےکہاہے کہ رائیونڈ میں پولیس چوکی کے قریب دھماکہ پاکستان دشمنوں کی گھناؤنی سازش اور شکست سے دوچار دشمن کی بزدلانہ کارروائی ہے۔