وقاص احمد:گلی محلوں میں رات گئے ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گڑھی شاہو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ریلوے سٹیڈیم گراؤنڈ کے علاقے سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ ملزمان کی شناخت عمر اور امیر حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو سرِعام ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان کی فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور شہریوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کیس کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔