سٹی 42: دفتر نائب وزیراعظم کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہے ۔
اجلاس میں آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں گیس سیکٹر میں جاری اصلاحات اور طویل المدتی ترقی کے لیے مکمل ہونے والی مطالعاتی رپورٹس پر بریفنگ دی گئی ۔
گردشی قرضے کے تصفیے اور مقامی تیل و گیس کی پیداوار بڑھا کر ایل این جی سپلائی بہتر بنانے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی ۔
اسحاق ڈار نے کہا تیل و گیس کے شعبے کو درپیش چیلنجز جلد از جلد حل کیے جائیں، ملکی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی توانائی سلامتی کی حکمت عملی کی اہم ترجیح ہے،
تیل و گیس کے شعبے کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر بحری امور، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے حکام اور نمایاں کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی