زین مدنی: پنجاب آرٹس کونسل نے تھیٹر ڈراموں کی مانیٹرنگ رپورٹ کی روشنی میں سخت کارروائی کرتے ہوئے اسٹیج اداکارہ غزل راجہ پر 6 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پلوشہ خان، نازی خان، کرن شہزادی، ترنم نور، رینا ملتانی اور رباب چوہدری سمیت دیگر اداکاراؤں کو غیر اخلاقی پرفارمنس پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غزل راجہ پر الزام ہے کہ وہ مسلسل غیر اخلاقی انداز میں اسٹیج پر پرفارم کر رہی تھیں حالانکہ انہیں اس سے قبل متعدد بار وارننگ نوٹس بھی جاری کیے جا چکے تھے۔ اب پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی ڈراما مانیٹرنگ ٹیم کی سفارش پر ان پر پنجاب بھر کے تھیٹرز میں 6 ماہ تک پرفارم کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں مذکورہ مانیٹرنگ رپورٹ کی بنیاد پر دیگر چھ اداکاراؤں کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں ان کی اسٹیج پر نامناسب حرکات اور غیر اخلاقی طرزِ عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان تمام اداکاراؤں کو تین دن کے اندر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔