(علی رامے) کورونا کے لیے طبی آلات کی کمی، حکومت نے ورلڈ بنک سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا، ورلڈ بنک سے قرض کی مد میں ملنے والے 80 کروڑ روپے آلات کی خریداری پر خرچ ہوں گے۔
عالمی بنک نے حکومت پنجاب کو پنجاب ڈیزاسٹر اینڈ کلائمیٹ کی مد میں قرض دیا تھا لیکن اب اس قرض سے کچھ فنڈز ہسپتالوں کے لیے نئے طبی آلات کی خریداری پر خرچ کیے جائیں گے، دستاویزات کے مطابق عالمی بنک کے فنڈز سے 151 وینٹی لیٹر اور 223 آٹو اکسیجن سیلنڈر خریدے جائیں گے، جبکہ اسی فنڈ سے160بیڈ سائڈ مانیٹر اور 156 ایمبو بیگ سمیت دیگر ضروری میڈیکل آلات کی خریداری کی جائے گی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کے حکام کے مطابق پچاس فیصد میڈیکل آلات عالمی بنک کے دیئے گئے قرض سے خریدے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائر س کی دوسری لہر میں شدت آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا مزید 45 افراد کی جان لے گیا، 2 ہزار 417 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہوگئی، سب سے زیادہ ملتان، اسلام آباد اور بہاولپور میں مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ کورونا میں مبتلا 4 لاکھ 69 ہزار 306 افراد صحت یاب ہوچکےہیں، جبکہ ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 36 ہزار169 ہے۔لاہور میں کورونا سے مزید 10 افراد جاں بحق ہوگئے ، 380 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔