لاہور: سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس نے چار افراد کے قاتل کو گرفتار کر لیا ،ملزم نے 15 سال قبل ایک ایم این اے سمیت 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا ۔
تفصیلا ت کے مطابق اشتہاری ملزم مزمل نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شادی تقریب سے واپس آنے والے ایم این اے سمیت دیگر 4 افراد کو لالہ موسی کے قریب قتل کیا تھا اور 15 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا،اس کی گرفتاری پنجاب پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی تھی۔
ایس ایس پی سی آئی اے سید توصیف حیدر نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن میاں شفقت کی زیر نگرانی ٹیم نے گزشتہ روز اطلاع ملنے پر شاہدرہ کے علاقہ میں چھاپہ مارا اور مزاحمت کے بعد ملزم مزمل حسین عرف عنصر جاویدکوگرفتار کرکے اس کے قبضہ سے جدید اسلحہ وگولیاں برآمد کرلیں.
پندرہ سال قبل ملزم مزمل نے اپنے دیگر ساتھیوں غلام حسین،یاسر حسین،شفقت، قیصرحسین، افضل، قاسم علی وغیرہ کے ساتھ مل کر ایم این اے منظور حسین شاہ، غلام علی،محمد اشرف،محمد اقبال کو قتل کیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صدر لالہ موسی میں دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت محسن علی شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔