بوم بوم آفریدی کے ہاں 5ویں بیٹی کی پیدائش

بوم بوم آفریدی کے ہاں 5ویں بیٹی کی پیدائش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورآل راؤنڈر شاہدآفریدی کےہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

شاہد آفریدی نے بیٹی کی پیدائش کا اعلان ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں کیا۔ انہوں نے اپنی چاروں بیٹیوں کے ہمراہ نوزائیدہ بیٹی کو گود میں اٹھائے اپنی تصویر مداحوں سے شیئر کی، ٹویٹرپیغام میں شاہدآفریدی نے بتایا کہ ان کے گھر ایک اورننھی پری آئی ہے۔وہ پانچویں بیٹی کی پیدائش پربہت خوش ہیں اورخوشخبری اپنےچاہنےوالوں کےساتھ شیئرکررہے ہیں۔

شاہد آفریدی کی اس ٹوئٹ کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع جاری ہے۔ بوم بوم آفریدی کی پہلے سے چار بیٹیاں ہیں ، سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ ہیں  جبکہ دیگر بیٹیوں کے نام انشا، عجوا اور اسمارا ہیں، آفریدی کی اپنی تمام بیٹیوں سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں وہ ہمیشہ اپنی بیٹیوں سے پیار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ 

بوم بوم آفریدی کا کرکٹ کیرئر: 

شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں۔وہ  کئی ریکارڈ مثلا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اور سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ حال ہی میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق وہ پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔ آفریدی نے 2011 کے عالمی کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کی۔

شاہد آفریدی نے کرکٹ میں قدم اکتوبر 1996ء میں صرف سولہ سال کی عمر میں رکھا  اور جلد ہی اپنی تیز بلے بازی کی وجہ سے جانے جانے لگے۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی اننگز میں ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری (سو اسکور) بنا ذالی جب انہوں نے 4 اکتوبر، 1996ء میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ  بولنگ میں بھی انھوں نے اپنے جوہر دکھائے،  وہ جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے آل راونڈر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 6000 ہزار سے زائد رنز اور تین سو سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔

آفریدی اپنے کیرئیر کے آغاز میں اوپنر کی حیثیت سے بلے بازی کرتے تھے لیکن بعد میں ان کو میچ کی صورت حال کے مطابق بلے بازی کے لیے بھیجا جاتا تھا۔ 

شاہد آفریدی کو بوم بوم کیوں کہا جاتا ہے؟

1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں،  ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹ کھلاڑی اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔شاہد آفریدی تیز بلے بازی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ اور شروع ہی سے گیند باز پر حاوی ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ "بوم بوم آفریدی" کے نام سے بھی پکارے جاتے ہیں۔ اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ، سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارذ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوائٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔