علی ساہی: جیل ملازمین کو دورانِ ڈیوٹی سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس حوالے سے جیلوں میں تعینات وارڈر گارڈز کو اونی جرسیاں اور کوٹ فراہم کرنے کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سنٹرل جیلوں میں کم از کم 70 کوٹ برائے استعمال وارڈر گارڈز کے لیے دستیاب ہونا لازم ہوگا، جبکہ ڈسٹرکٹ جیلوں میں کم از کم 50 کوٹ برائے استعمال وارڈر گارڈز رکھے جائیں گے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جیلوں میں موجود کوٹ کسی بھی اہلکار کی ذاتی ملکیت نہیں ہوں گے بلکہ انہیں صرف ڈیوٹی کے دوران استعمال کیا جائے گا۔
ہدایت کے مطابق لائن آفیسر ڈیوٹی پر جانے والے اہلکار کو کوٹ فراہم کرے گا، جبکہ ڈیوٹی مکمل ہونے پر متعلقہ اہلکار کوٹ جیل ڈیوڑھی میں واپس جمع کروائے گا۔ اس کے بعد لائن آفیسر متبادل آنے والے اہلکار کو یہی کوٹ فراہم کرے گا۔
مراسلے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ جیل ملازمین کو اونی جرسیاں فراہم کرنا یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی ملازم بغیر جرسی کے اپنی ڈیوٹی پر نہ جائے۔
اے آئی جی انڈسٹریز جیل خانہ جات کی جانب سے یہ مراسلہ تمام متعلقہ افسران کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ ہدایات پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔