حاشر احسن: انسداددہشت گردی عدالت اسلام آبادنے پی ٹی آئی کے 24 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیدیا، انسداددہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔
پولیس کی جانب سے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں پاسپورٹ بلاک کرنے کی استدعا کی گئی تھی، عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ، اسد قیصر، شیرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیدیا۔
جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب،ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم ،آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم بھی دیدیا گیا۔
عدالت نے کہاکہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزمان اس مقدمے میں نامزد ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی عمل سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہو سکتے ہیں،ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملے اور دہشت گردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات ہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ، جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کی وہ بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے، تفتیشی افسر کی ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے، ایف آئی اے کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردے ۔