ریحان گل: پنجاب میں نئے نظام کے تحت بلدیاتی الیکشن کی تیاری، الیکشن کمیشن اور محکمہ بلدیات میں اختلافات، محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کے اعتراضات دور کرکے بروقت الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کے تحت الیکشن کرانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے نئے بلدیاتی نظام کے تحت الیکشن عمل میں بہت سے ابہام موجود ہونےکی شکایات کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کو الیکشن رولز کے مطابق تیار کرنے اور نیبر ہڈ کونسلز کو بلدیاتی ایکٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے محکمہ بلدیات کو الیکشن کمیشن کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں وفد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور انہیں تمام اعتراضات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے بعد پنجاب حکومت کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کام جلد مکمل کرنے اور الیکشن کمیشن کو انتخابات کی حتمی تاریخ جلد دینے کی ہدایت کی۔