سٹی42: پنجاب حکومت نے غیر استعمال شدہ عوامی فنڈز کو منافع بخش سرمایہ کاری میں استعمال کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 500 ارب روپے کی خطیر رقم کیش مینجمنٹ فنڈ میں بطور سرمایہ کاری مختص کر دی ہے۔
محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی کے دوران اس سرمایہ کاری سے 12 ارب روپے تک منافع حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پورے سال میں 30 ارب روپے کا منافع حاصل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
گزشتہ مالی سال میں بھی پنجاب حکومت نے 400 ارب روپے صوبائی خزانے سے سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کیے تھے، جس کے نتیجے میں 13 ارب روپے کا منافع حاصل ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب سرکاری محکموں کی بچی ہوئی غیر استعمال شدہ رقم کو صوبائی آمدنی بڑھانے کے لیے منظم طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، جو کیش فلو کو بہتر بنانے اور مالی نظم و ضبط قائم رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن رہا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق کیش مینجمنٹ فنڈ پنجاب حکومت کے مالی وژن کا اہم ستون ہے جس کا مقصد صرف منافع حاصل کرنا نہیں بلکہ بجٹ خسارہ کم کرنا اور مالی استحکام کو یقینی بنانا بھی ہے۔