ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم شہباز شریف سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم میں موجود تکنیکی خامیاں اور سسٹم ایررز ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرانے میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔

خط کے مطابق سسٹم "ای او پی" (AOP) آمدنی پر غلط طور پر ٹیکس کریڈٹ یا سیشن 4AB کے تحت ٹیکس کا حساب لگا رہا ہےحالانکہ قانون کے مطابق اے او پی کی شیئر آمدنی مستثنیٰ ہوتی ہے۔ لاہور ٹیکس بار نے موقف اختیار کیا کہ سسٹم کا از خود ٹیکس چارج کرنا غیر قانونی ہے۔

ایسوسی ایشن نے مزید نشاندہی کی کہ کم از کم ٹیکس نظام (Minimum Tax Regime) میں بھی سسٹم آمدنی کی غلط تقسیم کر رہا ہے، جو واضح طور پر قانون کے خلاف ہے۔ سیکشن 151 کے تحت قرض پر منافع (Profit on Debt) کے ٹیکس کے غلط حساب پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

لاہور ٹیکس بار کے مطابق، ان تمام تکنیکی خامیوں کے باعث ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز شدید مایوسی کا شکار ہیں، جبکہ متعدد افراد بروقت ریٹرن فائلنگ سے قاصر رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ریٹرن فارم 219 دن کی تاخیر سے جاری کیا گیا، جس سے قانونی مدت کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا۔

خط میں لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2025 تک بڑھا دی جائے تاکہ ٹیکس گزاروں کو سہولت اور انصاف فراہم کیا جا سکے۔