(فاران یامین) پولیس اہلکاروں کو مفت خریداری کرنا مہنگا پڑگیا، ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس نے پانچوں اہلکاروں کو معطل کردیا، دکاندار بشارت کو اپنی جیب سے ادائیگی اور پولیس کے رویے پر معذرت کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
معذور شہری بشارت علی نے پولیس اہلکاروں کی مفت خریداری کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کانسٹیبل خرم شہزاد نے مفت خریداری کی جبکہ 4 اہلکارغیرقانونی عمل پر خاموش رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی رائیونڈ کو انکوائری کا ٹاسک سونپا دیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے مرکزی کردار کانسٹیبل خرم شہزاد سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کر دیا، معطل ہونیوالوں میں اسلم، نعیم، خرم شہزاد، ضیغم اور امتیاز شامل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس اہلکاروں کے رویے پر شہری سے معذرت بھی کی، ڈی آئی جی آپریشنز نے معذوری کے باوجود شہری کے ظلم کیخلاف آواز بلند کرنے کے اقدام کو سراہا، ڈی آئی جی نے شہری کو سرکاری گاڑی میں اُسکے گھر بھجوایا۔