ملتان کے باسیوں کیلئے بڑی خبر

ملتان کے باسیوں کیلئے بڑی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر) ملتان کےشہریوں کےلئےبڑی خبر،اولیاء کے شہر  میں ایک نئی یونیورسٹی کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کیبنٹ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو نے  اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے   ملتان میں ایک نئی یونیورسٹی کی منظوری دیدی، جس کے بعد ایمرسن کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا، ایمرسن کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا ایکٹ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نئی یونیورسٹی کی منظوری سے ملتان کے باسیوں کی مشکلات کم ہوں گی، طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دور دراز کے علاقوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو   وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  محکمہ ہائیرایجوکیشن کو ہدایات جاری کی تھیں کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک ایک یونیورسٹی قائم کی جائے،  جس کسی ضلع میں پوسٹ گریجویٹ کالج یا کسی یونیورسٹی کا سب کیمپس موجود ہو تو اسے اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ ہائیرایجوکیشن نے پروپوزل بھی تیار کرنا شروع کردیا، ذرائع کے مطابق فوری طور پر 17 یونیورسٹیز کیلئے ڈھائی ارب روپے کی ضرورت ہے، یونیورسٹی قائم کرنے کے ابتدائی مراحل کیلئے فی یونیورسٹی 15 سے 20 کروڑ کی ضرورت ہے، جبکہ پالیسی کے مطابق تین سال کیلئے ہر یونیورسٹی کو ایک ارب روپے دینا پڑیں گے۔

یاد رہے کہ ملتان پاکستان کے صوبہ پنجاب کا ایک اہم شہر ہے، یہ شہر دریائے چناب کے کنارے آباد ہے، آبادی کے لحاظ سے یہ پاکستان کا پانچواں بڑا شہر ہے، ملتان کو اولیاء کا شہر بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں بڑی تعداد میں اولیاء کرام مختلف ادوار میں تشریف لائے اور ان میں سے کئی کے مزارات بھی یہیں ہیں، ان بزرگوں کی محنت سے ہزاروں لوگوں نے فیض پایا اور بڑی تعداد میں غیر مسلم دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں 61  یونیورسٹیاں ہیں، ان میں سے 35 سرکاری اور26 نجی شعبہ میں کام کر رہی ہیں، پنجاب کے 36 اضلاع میں سے 17 اضلاع میں یونیورسٹیوں کا کوئی وجود نہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer