(سٹی42)عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش سے آئے ہوئے سینئر سرکاری افسران کے وفد نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا دورہ کیا،، دونوں ممالک کے مابین علاقائی اور ادارہ جاتی تعاون اور پائیدار اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس عمر مسعود، چیئرمین جاوید اقبال، اور سی ای او کیپٹن (ر) شعیب علی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور ابھرتے ہوئے اقتصادی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ دورہ کرنے والے وفد میں بنگلہ دیش کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سینئر حکومتی افسران اور پالیسی ماہرین شامل تھے۔
دورے کے دوران وفد کو پنجاب بھر میں جدید انفراسٹرکچر کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز اور پائیدار صنعتی اسٹیٹس مینجمنٹ کے ذریعے صنعتی ترقی میں پیڈمک کے اسٹریٹجک کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین پیڈمک نے کہا کہ اس نوعیت کے تبادلے تجربات اور صنعتی و عوامی شعبے کی ترقی کے لیے جدید طریقہ کار کو شیئر کرنے کے موثر پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیڈمک بین الاقوامی شراکت داریوں اور علم کے تبادلے کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے، جو جامع ترقی، علاقائی روابط اور اقتصادی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔
وفد نے پاکستان کے صنعتی نظام کو مضبوط بنانے میں پیڈمک کے کردار کو سراہا اور صنعتی انفراسٹرکچر، سرمایہ کاروں کی سہولت، اور اقتصادی زونز کی ترقی سے متعلق کمپنی کے اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران انٹرایکٹو سیشنز اور پریزنٹیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں صنعتی پالیسی فریم ورک، عوامی شعبے میں جدت، اقتصادی منصوبہ بندی، اور پاکستان و بنگلہ دیش کے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی تعاون کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App