ویب ڈیسک : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کرتے ہو ئےاہم پیغام جاری کیا ہے تاکہ آن لائن فراڈ سے بچا جا سکے۔
نادرا نے عوامی آگاہی کیلئے جعلی ویب سائٹ سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی ہوئی ہے جو یہ ہے: https//www.visa.nadragov.online
ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ ادارے سے منسلک نہیں اور ممکن ہے کہ ذاتی معلومات یا ادائیگیوں کے حصول کیلئے استعمال کی جا رہی ہو۔
پیغام میں کہا گیاہے کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں، ادارے کا واحد سرکاری ویزا پورٹل یہ ہے
https//visa.nadra.gov.pk
نادرا نے کہا ہےکہ ہمیشہ یقینی بنائیں کہ نادرا کی خدمات .gov.pk پر ختم ہونے والی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی استعمال کی جائیں۔
دوسری جانب نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے شہریوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق ایک ماہ میں 9 نادرا کی طرز کی ویب سائٹس بلاک کی گئیں جو شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہی تھیں،الرٹ میں بتایا گیا ہےکہ نادرا طرز کی جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کیلئے کام کر رہی تھیں۔
شہریوں کو تصدیق کیے بغیر ذاتی معلومات شیئر نہ کرنے اور مشکوک ای میل لنکس و ایس ایم ایس پر کلک نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،ایڈوائزری میں مزیدکہا گیا ہے کہ نادرا اور این سرٹ گمراہ کن سائبر سرگرمیوں کے خلاف سرگرم ہیں۔