طاہر جمیل:محرم الحرام کے پرامن اور منظم انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ نے جامع انتظامی اور سکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے، جس کے تحت مجالس، جلوسوں، صفائی، طبی سہولیات اور مانیٹرنگ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق پورے ماہ محرم میں مجموعی طور پر 5 ہزار 235 مجالس اور 1553 جلوس منعقد ہوں گے، جبکہ عشرہ محرم کے دوران 4 ہزار 502 مجالس اور 645 جلوس نکالے جائیں گے۔
جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے روٹس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ 303 حساس پوائنٹس کو ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے جلوسوں کے راستوں پر 1 ہزار 512 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بیریئرز، واک تھرو گیٹس اور قناعتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ حساس مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی بھی جاری رہے گی۔
شہری سہولیات کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی کے 1 ہزار 500 ورکرز صفائی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ مین ہولز کے ڈھکن، سیوریج لائنوں کی صفائی، پیچ ورک اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 55 ایمبولینسز اور 300 موٹر بائیک ایمبولینسز کو الرٹ رکھا جائے گا جبکہ 9 اور 10 محرم کو سنٹرل ماڈل ہائی اسکول میں عارضی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔
عزاداروں کی سہولت کیلئے 77 کلینک آن ویلز اور 8 سبیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں سبیلوں پر فراہم کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ کریں گی۔
حکام کے مطابق کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا تاکہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔