ارباز خان: سبزہ زار کے ایل بلاک میں گزشتہ چار روز سے بجلی کی مسلسل بندش کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں۔ طویل بریک ڈاؤن کے سبب پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
مکینوں کے مطابق چار دن گزر جانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا سکی، جس کے باعث نہ صرف گھریلو معمولات متاثر ہوئے ہیں بلکہ پانی کی فراہمی بھی معطل ہو چکی ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں بچے، بزرگ اور مریض سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا جا سکا۔ ان کے بقول یہ واضح نہیں کہ بجلی کی بندش ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث ہے یا متعلقہ اداروں کی غفلت کا نتیجہ، تاہم چار روز گزرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام اور بجلی تقسیم کار ادارے سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی اور پانی کی فراہمی بلا تاخیر بحال کی جائے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔