علی ساہی:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں پہلی کمانڈ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کی۔ کانفرنس میں محرم الحرام سکیورٹی، جرائم کی روک تھام، امن و امان کی صورتحال اور سمارٹ سیف سٹیز آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات پر بریفنگ دی گئی، جبکہ سکیورٹی کے لیے متعارف کرائے گئے پینک بٹن اور دیگر جدید سکیورٹی فیچرز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کے تحت پنجاب بھر میں 4 ہزار 500 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں امن و امان کی مؤثر نگرانی کے لیے سمارٹ سیف سٹیز آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ رکھنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر سمارٹ سیف سٹیز آپریشنز، کرائم ڈٹیکشن اور پولیس رسپانس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حاصل ہونے والے نتائج کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
ریجنل کمانڈرز اور ضلعی مینیجرز نے کانفرنس کے شرکاء کو سمارٹ سیف سٹیز اقدامات اور آپریشنل صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ پنجاب بھر کے 43 آپریشنل سمارٹ سیف سٹیز سینٹرز کے مینیجرز اور ایس ایس پیز نے اجلاس میں شرکت کی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران، مینیجرز اور ایس ایس پیز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز نیٹ ورک پنجاب میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام اضلاع میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مؤثر مانیٹرنگ اور فوری ردعمل کے لیے سیف سٹیز ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔