ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور پولیس کا قماربازی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، رواں سال 1,427 ملزمان گرفتار

لاہور پولیس کا قماربازی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، رواں سال 1,427 ملزمان گرفتار
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک:لاہور پولیس نے قماربازی اور آن لائن گیمبلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رواں سال اب تک 1,427 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 377 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار قماربازوں سے داؤ پر لگی 59 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں قماربازی کے اڈوں اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سٹی ڈویژن میں سب سے زیادہ 400 قمارباز گرفتار کیے گئے، جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 273، کینٹ ڈویژن سے 217 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 205 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ سوشل کرائمز کی روک تھام کے لیے قماربازی کے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ آن لائن گیمبلنگ اور قماربازی کے اڈوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔

سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ قماربازوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔