(اسرار خان)سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا رات گئے تھانہ ڈیفنس اے اور بی کا اچانک دورہ ۔صفائی ستھرائی اور موصول شدہ درخواستوں پر کارروائی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر رات گئے اچانک تھانہ ڈیفنس اے اور بی پہنچے، فرنٹ ڈیسک پر موصول شدہ اور زیرالتواء درخواستوں کا جائزہ لیا۔ حوالاتیوں، مال خانوں اور اہلکاروں کی حاضری کا ریکارڈ بھی چیک کیا ۔ اس موقع پر ایس پی کینٹ صاعد عزیز اور ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ نوید ارشاد بھی موجود تھے۔
سربراہ لاہور پولیس نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ایس ایچ او اور محرر ڈیفنس اے کی سرزنش کی ، بہترین کارکردگی پر انچارج انویسٹی گیشن ڈیفنس اے کو شاباش دی۔ غلام محمود ڈوگر نے ڈویژنل ایس پیز کو علاقے میں گشت بڑھانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
سی سی پی او نے فیکٹری ملازمین اور کرایہ داروں کے اندراج کو یقینی بنانے ، سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف نہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کی ہدایت کی۔ اس موقع پر غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے، تھانوں میں آنے والے سائلین کی داد رسی کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔