راؤ دلشاد: وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ راجن پور اور رحیم یار خان کے کچے کے علاقے 100 فیصد ڈاکوؤں سے کلیئر ہو چکے ہیں اور حکومت کی رٹ مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے۔
راجن پور سے 42 اور رحیم یار خان سے 200 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ اس حوالے سےمریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن میں پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں نے تعاون کیا، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے ہر ڈاکو کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کچے کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جن میں سکول، کالج، ہسپتال، ٹرانسپورٹ سہولتیں، زرعی اراضی اور کسان کارڈ، اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز شامل ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے لیے اب کوئی پناہ گاہ نہیں اور 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کر کے قانون کے سامنے خود کو پیش کیا۔ انہوں نے امن و امان اور قانون کی عملداری کے قیام کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
چیف منسٹر پروگرام آف کچے ایریا ڈویلپمنٹ کے تحت ایک تین رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس میں سینئر منسٹر مریم اورنگیز، ہوم سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ شامل ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبے پر کام شروع کیا جا سکے۔