ویب ڈیسک : غیر قانونی بین الاقوامی فون سمز کی فروخت کئی عرصے سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں کی جارہی ہے، ایف آئی اے نے بھی اب ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اس غیر قانونی اقدام کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پنجاب اور سندھ کے علاقوں میں چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے سندھ کے ضلع سکھر اور پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی و مقامی سمز کی فروخت پر چھاپے مارے گئے، سکھر میں چھاپے کے دوران دو بین الاقوامی سمز اور 5 پری ایکٹیو یٹڈسم کارڈز برآمد ہوئے اور دکان کے مالک کو بھی موقع پر ہی ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا، جبکہ فیصل آباد میں تین مختلف مقامات پر مشترکہ چھاپے مار کر 2 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان غیر قانونی بین الاقوامی سمز کی فروخت میں ملوث تھے جبکہ برآمد شدہ سمز قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ گرفتار کیے گئے ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔