ویب ڈیسک : اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا ہےکہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر ایڈووکیٹ لکھنا غیر قانونی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ اسلام آباد کی کورٹس راولپنڈی کے گلی محلوں میں ہوتی تھیں، ہم ایک کورٹ میں پیش ہوتے تو باقی کیسز ملتوی کراناپڑتے تھے، آج کے وکلا کو بہت آسانی ہے کہ کورٹ کمپلیکس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کیس کی تیاری کے بغیر پہنچتے ہیں تو بہت دکھ ہوتا ہے، ہائیکورٹ کا کیس ہمیں ملتا تو ساری رات تیاری کرتے تھے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کبھی کسی عہدے کے لیے سفارش نہیں کرائی، اپنے کام سے عہدے ملے، جج بننے کے لیے بھی کبھی کسی کو سفارش کا نہیں کہا، پھٹے سے وکالت شروع کرکے ہائیکورٹ کاجج بنا اورپھرکنفرم ہوا۔
تقریب میں جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر ایڈووکیٹ لکھنے کو غیر قانونی قرار دے دیا، کہا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر ایڈووکیٹ لکھنا بھی غیر قانونی ہے۔