ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گورنر پنجاب نے یوم آزادی پر عوام سے اہم اپیل کردی

گورنر پنجاب نے یوم آزادی پر عوام سے اہم اپیل کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے قیام پاکستان اور ملکی دفاع کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمد للہ پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے، ہم پاکستان کو قائداعظمؒ کے ویژن کے مطابق مضبوط اور خوشحال بنا رہے ہیں۔

پاکستانی قوم آج74 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، یادگار شہدا کینٹ میں پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فوجی جوانوں کے اللہ اکبر کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، اس سے قبل مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، یوم آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان  سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے پیغامات بھی  جاری کیے ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور  نے ویڈیو پیغام جاری کیا،  گورنر پنجاب نے ویڈیو پیغام میں  کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہیں، جو دشمن کو بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، یوم آزادی پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی آزادی کیلئے بھی دعاگو ہیں، ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین بھی آزاد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو عہد کرنا ہے کہ ملکی ترقی، استحکام اور امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔  گورنر پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ عوام جشن آزادی کے موقع پر کورونا ایس او پیز کا بھی خاص خیال رکھیں۔

یاد رہےکہ  پاکستان میں یوم آزادی ہر سال 14 اگست کو کوبرطانوی راج اور ہندو سامراج سے آزادی کے دن کی نسبت سے منایا جاتا ہے، یہ وہ دن ہے جب پاکستان 1947ء میں انگلستان سے آزاد ہو کر معرض وجود میں آیا۔

Sughra Afzal

Content Writer