کلیم اختر: ننیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں اپنی سروسز میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ کی ہدایات پر مدینہ منورہ میں قائم نادرا آفس کی خدمات حج سیزن کے اختتام تک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق حج آپریشن مکمل ہونے کے بعد مدینہ آفس کی سروسز دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔
شہریوں کی سہولت کیلئے جدہ میں قائم نادرا رجسٹریشن سنٹر میں عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو خدمات فراہم کی جا سکیں۔
مزید برآں نادرا نے بتایا ہے کہ حج سیزن کے دوران آن لائن سہولیات Pak ID کے ذریعے دستیاب رہیں گی، جس سے بیرون ملک پاکستانی اپنی ضروریات گھر بیٹھے پوری کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق متبادل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پاکستانی شہری مزید معلومات کیلئے قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حج سیزن کے دوران پاکستانی شہریوں کو بہتر اور بلا تعطل سہولیات فراہم کرنا ہے۔