سٹی42: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نےکہا ہےکہ اسرائیل کے بارے میں بانی پاکستان قائداعظم قومی پالیسی دے چکے ہیں، حکومت پاکستان بانی پاکستان کی قومی پالیسی پر کھڑی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نےکہا کہ مسئلہ فلسطین ہمارے ایمان کا بھی حصہ ہے، مسلمانوں کا قبلہ اول فلسطین میں ہے، حکومت اپنی بساط سے بڑھ کر فلسطینیوں کے لیے ریلیف کا سامان بھیج رہی ہے،حکومت نے فلسطین کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان لاکر ان کی تعلیم شروع کی۔
اعظم نذیر تارڑ نےکہا کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، اسرائیل کے بارے میں بانی پاکستان اپنی قومی پالیسی دے چکے ہیں، حکومت پاکستان بانی پاکستان کی قومی پالیسی پر کھڑی ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ سترہ ماہ کی جنگ میں غزہ کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ بدقسمتی سے کچھ ممالک غزہ کی صورتحال پر خاموش ہیں، جنوبی افریقہ کا اسرائیلی جارحیت کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا خوش آئند ہے۔