سٹی 42:پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سےڈراپ کئے جانے کے بعد قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں ٹرپل سنچری بنا ڈالی۔ اس اننگ میں انہوں نے42 چوکے اور 6 چھکے مارے۔
قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں ایم آئی ٹی سلوشن کے خلاف میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 336 گیندوں پر ناقابل شکست 300 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 42 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔سلمان علی آغا کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت کنگزمین اکیڈمی نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 565 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی، کنگزمین اکیڈمی اور ایم آئی ٹی سلوشن کے درمیان پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا میچ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان علی آغا کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوران پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی تاہم ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں 21 رنز بنائے، اس کے بعد انہیں لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے ڈراپ کردیا گیا۔لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سات کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ سے واپس بھیج دیا، جن میں سلمان علی آغا بھی شامل تھے۔ اس وقت پاکستان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں دو ٹیسٹ میچ ہار کر سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سلمان علی آغا صرف پہلے ٹیسٹ میں ایکشن میں نظر آئے اور دو اننگز میں مجموعی طور پر 25 رنز بنا سکے، جس میں ان کا بہترین اسکور 21 رنز رہا۔ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹرپل سنچری سلمان علی آغا کے فارم میں واپسی کا پیغام ہے۔