عابد چودھری:لاہور میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف آج شہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر ہیلمٹ کوئی موٹرسائیکل شہر میں داخل نہیں ہوگی۔
مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ سی ٹی او نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو شہر کے تمام داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ رواں سال 139 مہلک حادثات میں موٹرسائیکلسٹ بلاواسطہ یا بالواسطہ ملوث رہے، جبکہ جان لیوا حادثات میں 71 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل ہیں۔ ان کے مطابق حادثات میں اموات کی بڑی وجہ سر پر لگنے والی چوٹیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سخت انفورسمنٹ کا مقصد ریونیو جنریٹ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیاں بچانا ہے۔ صرف لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں۔
سی ٹی او کے مطابق ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے واقعات میں 40 فیصد کمی آئی ہے، تاہم مزید کمی لانے کی ضرورت ہے۔ شہری ہیلمٹ چالان کے ڈر سے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے پہنیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال اور لین لائن ڈسپلن شہریوں کے محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔