ویب ڈیسک : آسٹریلیا کی باسکٹ بال کی معروف کھلاڑی تیانا مانگا کاہیا کینسر کے باعث 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئی ۔
امریکی میڈیا کے مطابق باسکٹ بال کی کھلاڑی تیانا مانگا صرف 30 برس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو افسردہ چھوڑ گئیں۔ تیانا مانگا کاہیا جمعرات کو کینسر سے جنگ ہار گئیں۔
معروف کھلاڑی نے اپنے گھر والوں اور قریبی دوستوں کے درمیان آخری سانسں لیں، اہلخانہ کی جانب سے باسکٹ بال سٹار کی موت کی تصدیق سوشل میڈیا پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2019 میں خاتون کھلاڑی کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کیموتھراپی، ڈبل ماسٹیکٹومی اور سرجری کروائی اور 2021 میں امریکا کی سیراکیوز یونیورسٹی سے کھیل میں شاندار واپسی کی۔ لیکن 2023 میں کینسر دوبارہ شدت اختیار کر گیا جس کے باعث انہیں ریٹائرمنٹ لینا پڑی۔
رواں برس جون میں تیانا مانگا کاہیا نے این بی ایل 1 کی ٹیم سدرن ڈسٹرکٹس سپارٹنز کے لیے حیران کن انداز میں دوبارہ کورٹ میں قدم رکھنے کی کوشش کی تھی، مگر بیماری کے باعث وہ جلد ہی کھیل سے دور ہوگئیں۔
3 ستمبر کو انہوں نے آخری بار کورٹ کو خیرباد کہا اور ایک ہفتے بعد ہی چل بسیں۔