سٹی 42 : لاہور کے علاقے کاہنہ میں شہریوں کے گھروں کو گروی رکھوا کر لاکھوں ہتھیانے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اور اس کا ساتھی شامل ہیں، جنہوں نے پراپرٹی ڈیلر کا آفس بنا رکھا تھا، شہری اپنے مکانات کرائے پر دینے کیلئے ملزمان کے پاس آتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان شریف شہریوں کے مکانات گروی رکھوا کر لاکھوں ہتھیا چکے ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق ملزمان کیخلاف اس نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں، ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے مکانات گروی رکھوا کر ہتھیائی گئی رقم 50لاکھ برآمد کر لی گئی۔
ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین نے برآمد شدہ رقم مدعی مقدمات کے سپرد کی۔ مدعی مقدمات نے ہتھیائی گئی رقم واپس ملنے پر ڈاکٹر ایاز حسین اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ برآمد شدہ لاکھوں کے موبائل ایس پی انویسٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے مدعی مقدمہ کے سپرد کئے۔