ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کوآئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کی توقع

پاکستان کوآئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کی توقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی فوری قسط کی منظوری کے لیےایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو بلا لیا ،رقم دو متوازی پروگراموں کے تحت جاری کی جائے گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے دوسرے جائزے اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (آر ایس ایف) کے پہلے جائزے پر سٹاف لیول ایگریمنٹ  طے پایا تھا۔
 معاہدے کے تحت پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت ایک ارب ڈالر اور آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر ملیں گے، یہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی رقم 9 دسمبر کو پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی توقع ہے، جس سے دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے شیڈول کے مطابق 8 دسمبر کو پاکستان اور صومالیہ کے لیے الگ الگ اجلاس ہوں گے، تاکہ دونوں کے سٹاف لیول ایگریمنٹس کی منظوری دی جا سکے،بورڈ اجلاس سے قبل پاکستان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ گورننس اور کرپشن ڈائیگناسٹک اسیسمنٹ رپورٹ شائع کرے گا جو ای ایف ایف کے تحت ایک کلیدی ساختی بینچ مارک ہے۔

 اس معیار کی آخری تاریخ جولائی کے اختتام پر مقرر تھی جسے بعد میں اگست اور پھر اکتوبر کے آخر تک بڑھایا گیامگر اب تک پوری نہیں ہو سکی، تاخیر کی وجہ پاکستان کے حکام اور آئی ایم ایف کے ماہرین کے درمیان تکنیکی و حقائق پر مبنی اختلافات بتائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اب وہ اختلافات دور کر دیے گئے ہیں اور پاکستان نے فنڈ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رپورٹ بورڈ اجلاس سے قبل شائع کر دی جائے گی۔
دونوں فریقین کے درمیان اس بات پر بھی بات چیت ہوئی کہ جی سی ڈی رپورٹ کی اشاعت اور اس کی بنیاد پر گورننس ایکشن پلان کے نفاذ کے درمیان وقت کا فرق کم سے کم رکھا جائے تاکہ اصلاحات بروقت عمل میں لائی جا سکیں۔