اساتذہ کا احتجاج رنگ لے آیا

اساتذہ کا احتجاج رنگ لے آیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض:اساتذہ کا احتجاج رنگ لے آیا،اسپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے مطالبات کی منظوری کیلئے اساتذہ نمائندگان کو مذاکرات کیلئے بلوا لیا۔
 
پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پڑھانے والےاساتذہ کا احتجاج رنگ لے آیا۔ اساتذہ نے 4 نومبر کو اپنےمطالبات کی منظوری کیلئے سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کیا تھا۔جس پر اسپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے مطالبات کی منظوری کیلئے اساتذہ نمائندگان کو مذاکرات کیلئے بلوا لیا۔

اساتذہ کے مرکزی مطالبے میں  اپ گریڈیشن کا معاملہ سرفہرست ہے جبکہ اساتذہ کی مینول ایڈجسٹمنٹ اور مراعات میں اضافہ سمیت دیگر  مطالبات شامل ہیں۔مذاکرات میں ڈی پی آئی سکینڈری ایجوکیشن، ایلمنٹری ایجوکیشن اور ڈپٹی سیکرٹریز حکومت پنجاب شرکت کریں گے۔حکومتی اعلٰی افسران کے ساتھ  مذاکرات میں ٹیچرز  یونین کی جانب سے ان کے رہنما رانا لیاقت علی، کاشف شہزاد اور وحید مراد یوسفی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کے اساتذہ کی کثیر تعداد نے 4نومبر کو سول سیکرٹریٹ کے باہر اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اساتذہ یونین کے رہنمائوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا تھا کہ ہمارے ٹیچرز کی کافی عرصہ سے اپ گریڈیشن نہیں کی گئی، لہذا اساتذہ کی فوری اپ گریڈیشن کی جائے، یونین رہنمائوں کا یہ بھی کہنا تھا کہا اساتذہ کی مینول ایڈجسٹمنٹ کی جائے ، جبکہ یونین رہنمائوں نے حکومت پنجاب سے اپنے دیگر مطالبات کو منظور کرنے کا مطالبہ کیا ، ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے ہم بھر پور احتجاج کرتے رہیں گے۔