(سٹی 42) نامور ٹی وی اداکار بلال عباس خان بھی دوسرے پاکستانی فنکاروں کی طرح بالی ووڈ میں کام کرنے کے خواہشمند نکلے، بلال عباس خان نے بالی ووڈ کا روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے باوجود بھارتی ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کی تمنا کا اظہار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار بلال عباس ڈراما سیرل ’’پیار کے صدقے‘‘، ’’چیخ‘‘ اور ویب سیریز ’’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘‘ میں بہترین اداکاری کرکے لوگوں کی داد سمیٹنے میں کامیاب ہوئے، بلال عباس خان نے حال ہی میں اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی ہدایت کار وشال بھاردواج کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بھارتی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلال عباس نے کہا کہ انہیں فلمیں اور ویب سیریز دیکھنا بہت پسند ہے۔ چاہے وہ ہالی ووڈ کی ہو یا بالی ووڈ کی۔ انہوں نے کہا میں نے کئی بھارتی فلمیں دیکھی ہیں جن میں ساؤتھ انڈین فلمیں بھی شامل ہیں۔ اور میرے اداکار ہونے کے پیچھے بھی یہی وجہ ہے۔ میری خواہش ہے کہ مجھے وشال بھاردواج ڈائریکٹ کریں۔
انہوں نے وشال بھاردواج کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا میں نے ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں جن میں ’’اوم کارا‘‘، ’’کمینے‘‘، ’’حیدر‘‘، اور ’’مقبول‘‘ شامل ہیں۔ وہ سینما کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں اور میں ان فلموں کا حصہ بننے کا خواہشمند ہوں جس میں کرداروں کی پرفارمنس اور ایک طاقتور اسٹوری لائن ہو۔ وشال بھاردواج میرے ہمیشہ سے پسندیدہ ہدایت کار رہے ہیں جبکہ بلال عباس خان ان دنوں پاکستانی ہدایت کارہ مہرین جبار کی ویب سیریز ’’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ ویب سیریز بھارتی اسٹریمنگ چینل زی فائیو پر نشر کیا جارہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ کئی برسوں سے بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ 2016 میں اڑی حملے کے بعد راج ٹھاکرے کی ہندو انتہا پسند جماعت نے پاکستانی مشہورگلوکاروں کو 48 گھنٹوں کے اندر بھارت سے نکل جانے کا حکم دیا تھا اور یہ پابندی آج تک برقرار ہے۔