ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ترکیہ کے پاکستان کی حمایت پر بھارت سیخ پا، ترک سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع

 ترکیہ کے پاکستان کی حمایت پر بھارت سیخ پا، ترک سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر  بھارتی شہریوں نے ترک سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد کشمیر اور پنجاب میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہو گئے۔

بھارت کی جارحیت کے بعد پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے رافیل، مگ 29، سخوئی ایس یو 30 اور ایک ڈرون کو مار گرایا۔ 10 مئی کی صبح پاکستان نے "آپریشن بنیان مرصوص (آہنی دیوار)" کے تحت بھارت کو مؤثر عسکری پیغام دیا۔

اس کشیدگی کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا جس پر بھارت میں شدید غصہ پایا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے شہر پونے میں تاجروں نے ترکیہ کے درآمد شدہ سیبوں کا بائیکاٹ شروع کر دیا ہے۔

مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ ترک سیب مارکیٹ سے تقریباً غائب ہو چکے ہیں اور خریداروں نے بھی اس بائیکاٹ کا ساتھ دینا شروع کر دیا ہے۔ تاجروں کے مطابق ترک سیبوں کی جگہ اب ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ایران اور دیگر ممالک سے سیب خریدے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ترک سیب بھارت کی مارکیٹ میں ہر سال 1000 سے 1200 کروڑ روپے کے موسمی کاروبار کا حصہ ہوتے ہیں اور اگر یہ بائیکاٹ طویل ہوا تو پونے سمیت دیگر شہروں کی فروٹ مارکیٹ پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔