ویب ڈیسک:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شاندار تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروبار کے ابتدائی لمحات میں ہی 100 انڈیکس میں 2700 پوائنٹس کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 1,20,000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری، حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور آئی ایم ایف سے متعلق مثبت توقعات اس تیزی کی بڑی وجوہات ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ کا موجودہ رجحان سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند کر رہا ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں بھی کرنسی مارکیٹ کے حوالے سے مثبت پیشرفت سامنے آئی، جہاں امریکی ڈالر 7 پیسے سستا ہوکر 281.50 روپے پر آ گیا جو گزشتہ روز 281.57 روپے پر بند ہوا تھا۔