ویب ڈیسک: مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے کارکنوں اور عوام کے نام وڈیو پیغام جاری کردیا۔
مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پوری قوم پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کے لئے پہنچیں، صبح 9 بجے تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تین رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے، ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔ججز پاکستان کے غریب عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے ہیں، ججز آج آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔ یکطرفہ طور پر ایک مجرم کو تحفظ دیا جارہا ہے، اور اسے وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجرم کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ وہ آئندہ بھی جرائم کرے اور معیشت کو تباہ کرے، ایک مجرم کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ وہ آئندہ بھی ملک کو اتنا کمزور کرے کہ ملک پارہ پارہ ہو جائے۔ ہم پہلے بھی میدان میں رہے ہیں، آج ایک بار میدان میں آنے کی ضرورت پڑی ہے۔ ہم عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیں۔ انصار الاسلام کے سالار اور رضاکار نظم کو برقرار رکھنے کے لئے پہنچیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء برادری سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ قانون کو تحفظ دینے کے لئے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلاء نے ہمیشہ اس مقصد کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلاء بھی میدان میں آئیں۔ ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس احتجاج کو قومی احتجاج بنائیں۔ اداروں کی اس طرح کی بے راہ روی، جانبداری اور اپنے اختیارات سے تجاوز پر قوم احتجاج کرتی ہے، شاہراہ دستور پر اکٹھے ہوکر مضبوط پیغام دیں گے کہ عدالت اپنے اس رویے سے باز آجائیں۔