آخری عشرہ اور یوم علی کے جلوس پر پابندی، مراسلہ جاری

آخری عشرہ اور یوم علی کے جلوس پر پابندی، مراسلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک) پنجاب میں رمضان کے آخری عشرہ اور یوم علی ؑکے موقع پر صوبہ میں ہر قسم کے جلوس پر پابندی،امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کی مشروط اجازت  ہوگی،بچے اور 50برس سے کم عمر اور بیمار افراد کی مجالس میں نہیں آسکیں گے  ،ایس او پیز کے مطابق مجالس زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ تک جاری رکھی جا سکیں گی  ،امام بارگاہوں میں اجتماعی افطاری اور سحری پر بھی پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کر دیا۔
وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب حکومت نے رمضان کے آخری عشرہ اور یوم علی ؑکے موقع پر صوبہ میں ہر قسم کے جلوس پر پابندی عائد کر دی۔ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کی مشروط اجازت ہوگی۔
جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مجالس زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ تک جاری رکھی جا سکیں گی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کر دیا۔رمضان کے آخری عشرہ اوریوم علی ؑ کے موقع پر سخت سیکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انتظامیہ مجالس میں وقت کی پابندی پر عمل کرائے گی۔
امام بارگاہوں میں مجالس کا انعقادصاف فرش پر کیا جائے گا، قالین نہیں بچھائے جائیں گے۔امام بارگاہ میں پختہ فرش نہ ہونے کی صورت میں قالین بچھایا جا سکتا ہے۔مجالس کے آغاز اور اختتام پرہجوم اکٹھا نہ ہو۔امام بارگاہ میں صحن موجود ہونے کی صورت میں مجلس ہال کی بجائے صحن میں منعقد کی جائے۔ بچے، 50برس سے کم عمر اور بیمار افراد مجلس میں نہ آئیں۔
مجلس صرف امام بارگاہ کی چار دیواری کے اندر منعقد کی جائے۔ مجلس سے پہلے امام بارگاہ کے فرش کو کلورین سے دھویا جائے۔ مجلس سے قبل قالین پر بھی کلورین کا سپرے کیا جائے۔ مجلس کے دوران شرکاء اور قطاروں کے درمیان کم از کم 6فٹ کا فاصلہ ہو۔ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ذمہ دار افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔

شرکاء کی سہولت کیلئے امام بارگاہ کی انتظامیہ فرش پر افراد کی بیٹھنے کی جگہوں پر نشان لگائے۔مجلس کے شرکاء وضو گھر سے کر کے آئیں۔ہر کسی کیلئے ماسک، دستانے پہننا لازمی ہوگا، ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے پر ہیز کیا جائے۔

امام بارگاہوں میں اجتماعی افطاری اور سحری کا کوئی انتظام نہیں ہونا چاہئے۔امام بارگاہوں کی انتظامیہ صوبائی، ضلعی حکومتوں اور پولیس سے قریبی رابطہ رکھے۔

کوویڈ 19سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو مجالس کے انعقاد کی مشروط اجازت ہوگی۔

ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں مجالس کی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں پنجاب حکومت پالیسی پر نظر ثانی کر سکتی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer