ایکسپائرڈ مصنوعات بیچنےوالوں سے رعایت نہیں برتی جائیگی: ڈی جی فوڈ اتھارٹی

ایکسپائرڈ مصنوعات بیچنےوالوں سے رعایت نہیں برتی جائیگی: ڈی جی فوڈ اتھارٹی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن نے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداروں اور لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی اور فوڈ اتھارٹی سے متعلق لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی شکایات سنیں۔


لاہور ایوان صنعت و تجارت میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں زاہد جاوید، لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد نواز، جنرل سیکریٹری عمران سلیمی، نائب صدر مردان زیدی سمیت دیگر موجود تھے, اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ تمام مصنوعات کے مینوفیکچررز کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے.اس کا مقصد عوام الناس کو معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔  

ان کا کہنا تھا کہ سپر سٹورز کا کام مصنوعات کو رجسٹرڈ کروانا نہیں، وہ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ مصنوعات پر مینوفیکچررز کی تفصیلات اور ایکسپائری ڈیٹ وغیرہ کے بغیر مصنوعات فروخت نہ کریں تاکہ ملاوٹ اور جعلسازی کا خاتمہ ہوسکے۔ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو رجسٹرڈ پراڈکٹس کی لسٹ دیں تاکہ اتھارٹی کو آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل پاس ہونے والے ایک قانون کے تحت کھلی چیزیں فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے۔  پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس لاہور میں صرف دس ٹیمیں ہیں جو روزانہ اوسطا بارہ سے پندرہ مارکیٹ وزٹ کرتی ہیں۔ 90فیصد لوگوں کو پہلی مرتبہ وارننگ دے کر معاملات درست کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپائرڈ مصنوعات فروخت کرنے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی مینوفیکچررز کو باقاعدہ آگاہ کررہی ہے کہ وہ اپنی تمام مصنوعات پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کروائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی تاجر برادری کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق اور قانونی تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کرے ۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری ساکھ بنانے میں دہائیاں صرف ہوتی ہیں جبکہ خراب ہونے میں تھوڑی ہی دیر لگتی ہے لہذا پنجاب فوڈ اتھارٹی اس پہلوکو خاص طور پر مدنظر رکھے۔سپر سٹورایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ کسی شکایت کی صورت میں سٹور براہ راست سیل کرنے کے بجائے پہلے وارننگ اور درستی کا موقع دیا جائے.

پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کرے تو اس کا مشن آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن اپنے تمام سپلائرز سے درخواست کرے گی کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ساتھ رجسٹرڈ ہوں مگر اس کے لیے انہیں وقت دیا جائے۔

Shazia Bashir

Content Writer