سٹی 42: سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے ضلع لکی مروت تھانہ گمبیلا کی حدود شاگئی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی۔
دہشت گردوں نے سواٹ ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ کھول دی۔حق حفاظت خود اختیاری کی خاطر سی ٹی ڈی کی جوانوں نے جوابی فائرنگ شروع کی جو قریب 40 منٹ تک جاری رہی۔ فائرنگ تھم جانے کے بعد علاقے میں سرچ اپریشن کے دوران 06 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہنم واصل ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد ان کے سہولتکاروں اور دیگر ساتھیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے 04 عدد کلاشنکوف بمعہ 10 عدد میگزین و 43 عدد کارتوس، 02 عدد 9MM پستول بمعہ 04 عدد میگزین و 07 عدد کارتوس، 08 عدد ہینڈ گرینیڈ، 04 عدد بنڈولیئر اور 01 عدد آئی ای ڈی اسلحہ و سامان برآمد ہوئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا جناب ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز (SWAT) کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ وطنِ عزیز کی مٹی کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر جوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جد و جہد جاری رکھے گی۔